فرانس انتخابات: بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد نے قوم پرست انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں پر واضح اکثریت حاصل کرلی

11:14 AM, 8 Jul, 2024

نیوویب ڈیسک

پیرس: فرانس کے قبل از وقت پارلیمانی انتخابات میں بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد نے قوم پرست انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں پر واضح اکثریت حاصل کرلی،قوم پرست انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے اقتدار میں آنے کا خواب چکنا چور  ہو گیا۔ 

فرانس میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہوگئی اور ووٹوں کی گنتی کا مرحلہ شروع ہوگیا۔ایگزٹ پول میں پہلے مرحلے میں تاریخی برتری حاصل کرنے والی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کی کامیابی خطرے میں ہے۔

فرانس میں اتوار کو ووٹنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے ہوا جو دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں شام 6 بجے تک جبکہ بڑے شہروں میں رات 8 بجے تک جاری رہا۔انتخابات میں کل 577 نشستوں کے لیے مقابلہ ہے اور 4 کروڑ 93 لاکھ شہری ووٹ ڈالنے کے اہل تھے جبکہ پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 289 نشستیں حاصل کرنی ہیں۔

ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ایگزٹ پولز کے مطابق پہلے  مرحلے میں تاریخی برتری حاصل کرنے والی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کی کامیابی خطرے میں پڑ گئی۔ ایگزٹ پولز کے مطابق دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی 135 سے 155 نشستیں، بائیں بازو کی جماعت نیو پاپولر فرنٹ 180 سے 210 نشستیں اور صدر میکرون کا اتحاد 155 سے 175 تک نشستیں حاصل کر سکتا ہے۔

بائیں بازو کی جماعت نیو پاپولر فرنٹ  کی کامیابی کا سنتے ہی ان کے سپورٹروں نے سڑکوں کا رخ کیا اور اس کامیابی کو  منایا۔ 

واضح رہے کہ  نیو پاپولر فرنٹ ایک ایسی جماعت ہے جو  فلسطین کے حوالے سے واضح موقف رکھتی ہے کہ وہ فلسطین کو نہ صرف ایک ریاست کے طور پر قبول کریں گے بلکہ دنیا بھر مین بھی اس کا مطالبہ کریں کے جنگ بندی کا مطالبہ پربھی کام کریں گیں۔

مزیدخبریں