بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ہفتہ میں ایک بار واٹس ایپ پر بات کروانے کی استدعا مسترد

11:35 AM, 8 Jul, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: انسدادِ دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اپنے بیٹوں سے ہفتہ میں ایک بار واٹس ایپ پر بات کروانے کی استدعا کو مسترد کر دیا۔ فیصلہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرانے پر دیا گیا ۔

بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ٹیلی فونک ملاقات کی درخواست پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت  راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔ درخواست پر جیل انتظامیہ کی جانب سے جواب داخل کروا دیا گیا ۔

 اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جواب داخل کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ جیل مینوئیل کے مطابق کسی ملزم کی واٹس ایپ پر رشتہ داروں سے ملاقات کا قانون موجود نہیں ہے جبکہ پہلے سے عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی مہینہ میں دو مرتبہ ان کے بیٹوں سے بات کروائی جاتی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے جیل مینوئیل میں اس امر کی گنجائش نہ ہونے پر بانی پی ٹی آئی کی ہفتہ میں ایک مرتبہ واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کروانے کی استدعا کو مسترد کر دیا۔

مزیدخبریں