لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے سری لنکا ٹیسٹ کے لیے روانگی سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چار ماہ کے لیے بطور ایم سی چیئرمین پی سی بی کے سربراہ بننے والے اشرف نے کپتان کو اعتماد دیا اور آنے والے دورے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم کو دورہ سری لنکا اور ایشیا کپ کے لیے نیک خواہشات ہیں، پوری قوم آپ کے پیچھے ہے، ہمیں آپ سے بہت امیدیں ہیں۔
کپتان بابر اعظم نےزکاء اشرف کو چئیرمین مینجمنٹ کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔
بابر نے اشرف سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ پہلے چیئرمین تھے تو ہم نے ایشیا کپ جیتا تھا۔ ہم آپ کی موجودگی میں ایک بار پھر ایشین ایونٹ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
کپتان بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی خاطر بھرپور توانائی کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ پاکستان ٹیم کو مزید اوپر لے جانے کے لیے کوئی قصر نہیں چھوڑیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے لیے آج رات کراچی سے روانہ ہوگی۔