لاہور: سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہونیوالے الیکشن میں دھاندلی کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔
شفقت محمود نے رحمان پورہ اچھرہ میں فوزیہ میڈیکل سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تحریک انصاف نے اپنے دور میں غریب عوام کو ریلیف دینے اور طبی سہولیات کے مثالی اقدامات کئے ۔ تحریک انصاف نے ہمیشہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام کیا
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن شفاف ہونے چاہیں ، جو لگ نہیں رہا ، کرپٹ ٹولہ اداروں کو استعمال کرکے الیکشن جیتنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان کی عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے ۔
اس سے قبل اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ڈائریکٹ اے سی اور ڈی سی کی فون کالز جا رہی ہیں ، ہمارے کارکنان کو کھلے عام دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔ غیر قانونی طور پر تعمیراتی کام بھی کرائے جا رہے ہیں ۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سب سے زیادہ خطرناک چیز پنجاب میں ووٹ ایک سے دوسرے حلقے میں منتقل کیے جا رہے ہیں ۔ 2 جون کو الیکٹورل رولز جاری کیے گئے جس میں نئے ووٹ بھی آگئے ۔ جس دن الیکشن کا شیڈول جاری ہوتا ہے قانون اس کے بعد کسی ووٹ کی اجازت نہیں دیتا ۔
انہوں نے کہا کہ کل ہائی کورٹ میں اس کیخلاف پٹیشن فائل کر دی ہے ۔ عوام کا اداروں کے اوپر سے اعتماد اٹھ رہا ہے ۔ عوام کی زبان اور ذہن کھل چکے ہیں ۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ کے عہدے پر غیر قانونی طریقے سے آئے ، یہ اتنی آسانی سے جانے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔