مکہ المکرمہ: خطبہ حج میں محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے کہا ہے کہ مسلمانوں اللہ کے سوا کوئی اور معبود نہیں اور رسول اللہ ﷺ کو آخری نبی بنا کر بھیجا، اللہ نے فرمایا اپنے نفس کا تزکیہ کرو اور تقویٰ اختیار کرو، اسلام بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہے، اللہ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے عرفات کی مسجد النمر میں حج کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں اللہ کے سوا کوئی اور معبود نہیں، وہ یکتا ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں، اس نے اپنا وعدہ پورا کیا، اللہ نے فرمایا اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور اس کے سوا کسی کو نہ پکارو، اللہ نے اپنے اوپر رحم کو لازم کیا۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے کہا کہ اللہ نے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا، اسلام بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہے، اللہ کا حکم ہے کہ والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کرو، بہترین انسان وہ ہے جو خیر کی راہ پر گامزن ہو، امت کو چاہئے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے، اللہ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے، اللہ کا فرمان ہے جو بندہ اپنے نفس پر ظلم کرتا ہے تو اس کیلئے توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔
خطبہ حج دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے انسانوں کو اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا اس نے زمین اور آسمان کو 6 دن میں تخلیق کیا، اللہ نے فرمایا اپنے نفس کا تزکیہ کرو اور تقویٰ اختیار کرو، اللہ نے رسول اللہ ﷺ کو آخری نبی بنا کربھیجا، اللہ کی کتاب قرآن مجید دیگر آسمانی کتابوں کی تصدیق کرتی ہے، اللہ نے قرآن میں فرمایا تم پر حج فرض ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہر معاملے میں حکمت سے کام لو۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے کہا کہ اللہ کے سوا انسان کی مصیبت کوئی دور نہیں کرسکتا، اللہ کا فرمان ہے کسی عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر کوئی فوقیت نہیں، قرآن پاک میں اللہ کا فرمان ہے کالا گورے سے افضل ہے نہ گورا کالے سے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے آئے 10 لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی میں مصروف ہیں جنہوں نے نماز فجر تک منیٰ میں قیام کیا اور عبادت میں مصروف رہے۔ حج اورعمرہ امور کی وزارت کے مطابق عازمین حج نے منٰی میں قائم کی گئی خیمہ بستی میں رات گزاری۔