لاہور: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی ہدایت پر عوام کی سہولت کیلئے تمام بینکوں کی منتخب برانچیں آج کھلی ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی تھی کہ عوام کی سہولت کیلئے جمعہ 8 جولائی کو منتخب برانچیں کھلی رکھیں۔
اعلامیہ کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر طویل تعطیلات کے دوران بالخصوص تجارت و صنعت سے وابستہ افراد اور بالعموم عوام کو بینکاری خدمات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے سٹیٹ بینک کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ تمام بینک اور مائیکرو فنانس بینک ملک بھر میں مویشی منڈیوں کے قرب و جوار، بڑے شہروں، کاروباری مراکز، تجارتی مقامات اور پورٹس وغیرہ پر اپنی منتخب برانچیں کھلی رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر 8 جولائی بروز جمعہ سے 12 جولائی بروز منگل تک 5 روز کی سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کی ہدایت پر تمام بینکوں کی منتخب برانچیں آج کھلی ہیں
12:39 PM, 8 Jul, 2022