ثانیہ مرزا ویمبلڈن میں آخری میچ کھیل کر ریٹائر ہو گئیں 

12:03 PM, 8 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لندن: بھارتی ٹینس سٹار اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا ویمبلڈن میں آخری میچ کھیل کر ریٹائر ہو گئی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک جذباتی پوسٹ میں ثانیہ مرزا نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور لکھا ’کھیل آپ سے بہت کچھ لے لیتے ہیں۔ ذہنی طور پر، جسمانی طور پر اور جذباتی طور پر، جیت اور ہار، گھنٹوں کی محنت اور ہارنے کے بعد بغیر نیند کے کئی راتیں لیکن یہ سب بدلے میں آپ کو بہت کچھ دیتا ہے جو آپ کو کوئی اور نوکری نہیں دے سکتی جس کیلئے میں شکر گزار ہوں“۔


ثانیہ مرزا نے مزید لکھا کہ ’آنسو اور خوشیاں، لڑائی اور جدوجہد، ہم نے جو کچھ کیا ہے آخر میں یہ سب بہت خوبصورت اور قیمتی لگتا ہے۔ گزشتہ 20 سالوں سے ویمبلڈن میں کھیلنا اور یہاں جیتنا اعزاز کی بات ہے۔ مجھے بہت یاد آئے گی۔‘ 


ثانیہ مرزا کو اپنے کیرئیر کے آخری ویمبلڈن کے مکسڈ ڈبلز کے سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یہ میچ ان کے کیرئیر کا آخری میچ تھا جبکہ ثانیہ مرزا کے جذباتی پیغام پر ویمبلڈن کی جانب سے جاری کئے گئے جوابی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم آپ کو بہت یاد کریں گے۔ 

واضح رہے کہ ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اپنے کیرئیر کے دوران چھ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے ہیں جن میں تین مکسڈ ڈبلز ٹائٹلز بھی شامل ہیں البتہ وہ ویمبلڈن میں کبھی مکسڈ ڈبلز نہیں جیت سکیں۔ انہوں نے مہیش بھوپتی کے ساتھ 2009ءکا آسٹریلین اوپن اور 2012ءکا فرنچ اوپن جیتا تھا۔

مزیدخبریں