لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بیورو کریسی کی رفتار بڑھانے کے لیے وزیر اعلیٰ کپیسٹر لگانے جا رہے ہیں اور اب جو عوام کے مسائل حل نہیں کرے گا وہ بیورو کریٹ گھر جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہمارا اپوزیشن سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں بلکہ صرف ان کی لوٹ مار پالیسی سے اختلاف ہے کیونکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو اب سمجھ آ گیا ہو گا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنی مدت پوری کیے بغیر نہیں جا سکتی اور کشمیر کے الیکشن میں بھی اپوزیشن کے ہوش مزید اڑا دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن منہ کے بل گرنے کے بعد حواس اپنے بحال کر رہی ہے جبکہ نواز شریف کے واپس نہ آنے کا اعلان کرنے والے قانون کو للکار کر عدالتوں کا منہ چڑا رہے ہیں اور اب عدالتوں کو دیکھنا ہے کہ وہ نواز شریف کے گارنٹر کو کب بلاتی ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی رفتار زیادہ اور بیوروکریسی کی کم ہے جس کا اہم مسئلہ استعداد اور بدنیتی کا ہے تاہم بیورو کریسی کی رفتار بڑھانے کے لیے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کپیسٹر لگانے جا رہے ہیں، اب جو عوام کے مسائل حل نہیں کرے گا وہ بیورو کریٹ گھر جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب حکومتی ترجیحات کا مرکز ہے اور ہم خانہ پوری نہیں بلکہ مسلسل ایک روڈ میپ پر عمل کر رہے ہیں اور ہماری حکومت فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج اور کوہ سلیمان میں 4 نئے ڈیمز بنا رہی ہے۔