دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو منو سواہنے کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
منو سواہنے کو فوری طور پر ہٹانے کا فیصلہ آئی سی سی بورڈ اجلاس تنظیمی جائزے کے بعد کیا گیا۔جیف الرڈائس قائم مقام چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ نئے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے مزید کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق منو سواہنے پر لوگوں سے خراب رویے سے پیش آنے کے الزامات عائد تھے جس پر آئی سی سی بورڈ نے انہیں رواں سال مارچ میں چھٹی پر بھی بھیجا تھا اور یہ الزامات پرائس واٹر ہاؤس کوپرز (ڈبلیو پی سی) نامی آڈٹ فرم کی جانب سے اندرونی جائزے کے بعد سامنے آئے تھے۔
اس معاملے پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اورآئی سی سی کمیٹی برائے انسانی وسائل کے رکن ایان واٹمور نے پی ڈبلیو سی کی رپورٹ مطالعہ کرنے کے بعد دیگر ارکان بورڈ کو منو سواہنے کوفوری طور پر معطل کرنے کی تجویز دی تھی جس پر آئی سی سی بورڈ نے آج فیصلہ سنا دیا ہے۔
منو سواہنے کو پچھلے مینز ورلڈ کپ کے بعد سیشن 2019 تا 2022 کے لیے آئی سی سی کا چیف ایگزیکٹو منتخب کیا گیا تھا۔