ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کے دار الحکومت ابوظہبی میں گاڑی میں سوار تمام افراد کے لیے سیٹ بیلٹ پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔ سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر 400 درہم (17 ہزار 3 سو 74 روپے) جرمانہ ہوگا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی پر لائسنس میں چار سیاہ پوائنٹس بھی لگائے جائیں گے۔ گاڑی میں موجود مسافر کیلئے بھی ضروری ہے کہ وہ سیٹ بیلٹ پہنے۔ مسافر اگر سیٹ بیلٹ نہیں پہنے گا تو اسے 400 درہم جرمانہ ہوگا۔
پولیس کے مطابق سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے خود کار نظام ایکٹی ویٹ کردیا گیا ہے۔ ریڈار مانیٹرنگ سسٹم مصنوعی ذہانت سے چلنے والے کیمروں کے ذریعے اعلیٰ ریزولوشن کی تصاویر حاصل کرتا ہے۔ ایک خود کار عمل سیٹ بیلٹ اور موبائل فون کی خلاف ورزیوں کا پتا لگانے کیلئے تصاویر کا تجزیہ کرکے متعلقہ عمل کا تعین کرتا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اگلی نشستوں میں مسافروں کیلئے حادثے کی صورت میں نشست بیلٹ کے استعمال سے اموات کے خطرے میں 40 سے 50 فیصد اور پچھلی نشستوں میں بیٹھنے والوں کیلئے 25 سے 75 فیصد کے درمیان کمی وااقع ہوتی ہے۔