حویلی :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاجب تک ہمارے کشمیری بھائی بہن میرے ساتھ کھڑے ہیں تب تک کوئی پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم نہیں کرسکتا،ہم کشمیر کی عوام کے رائے پر چلنے والے ہیں، اگر فیصلہ ہونا ہے تو یہاں کی عوام نے فیصلہ کرنا ہے، ہم کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے،ہماری کوشش کی ہے کہ آزاد کشمیر کی عوام کو تبدیلی کی تباہی سے ضرور بچائینگے جس میں آپ سب لوگوں نے پیپلزپارٹی کا ساتھ ضرور دینا ہے ۔
بلاول بھٹو نےجلسے سے خطاب کرتے ہوئےکہا ،ہمیں آزاد کشمیر میں رہنے والوں کے حقوق کا سودا بھی روکنا ہے، یہاں کی عوام کو تبدیلی کی تباہی سے بچانا ہوگا، انہوںنے کہاکہ میں اسی زمین میں آپ سے مخاطب ہوں جہاں 1974 میں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آپ سے خطاب کیا تھا،انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ختم ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کا دھیان اس جلسے میں موجود عوام کے سمندر کی جانب دلانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے کشمیری بھائی بہن میرے ساتھ کھڑے ہیں تب تک کوئی پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم نہیں کرسکتا، اس خطے کی عوام نے 3 نسلوں سے ہمارے خاندان اور اس جماعت کا ساتھ دیا ہے اور اس جماعت نے بھی 3 نسلوں سے اس خطے کی عوام کا ساتھ دیا ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام متحدہ، پاکستان اور بھارت میں کشمیری عوام کی آواز اٹھائی تھی، انہوں نے ہمیں سکھایا تھا کہ اگر ہمیں ہزار سال جنگ لڑنا پڑے تو ہم کشمیری عوام کے لیے لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے ہمیں سکھایا تھا کہ جہاں کشمیری بہن بھائیوں کا پسینہ گرے گا وہاں پیپلز پارٹی کے جیالے کا خون گرے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو ہر پاکستانی کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی تھیں مگر اب ہماری بدقسمتی ہے کہ پاکستان کا وزیر اعظم کٹھ پتلی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ناجائز وزیر اعظم ہے، یہ کشمیر کے لیے بات بھی نہیں کرسکتا، کشمیر پر تاریخی حملہ ہو تو وزیر اعظم کہتا ہے کہ میں کیا کروں۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم ہمارے کشمیری بہن بھائیوں کی اْمیدوں کو پورا نہیں کرسکتے، ہر پاکستانی کا ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر کا سودا نامنظور۔