لاہور: معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے تمام صارفین کو خبردار کیا ہے کہ فوری طور پر ایمرجنسی ونڈوز اپ ڈیٹ کو اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر انسٹال کریں تاکہ آپریٹنگ سسٹم میں موجود سیکیورٹی خامی دور ہو سکے۔
تفصیلات کے مطابق کمپنی کی جانب سے مذکورہ انتباہ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں ایک سنیگن سیکیورٹی خامی کی شناخت کے بعد جاری کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو اس کے اثرات سے دور رکھا جا سکے، پرنٹ نائٹ میئر نامی اس خامی سے حملہ آور صارفین کے سسٹم میں پرنٹ سپوئلر سروس کے ذریعے داخل ہو سکتے ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے مطابق حملہ آور اس خامی سے فائدہ اٹھا کر آسانی سے پروگرامز انسٹال کرنے کیساتھ ساتھ ناصرف ڈیٹا دیکھ سکتے ہیں بلکہ اسے ایڈیٹ یا ڈیلیٹ کرنے کے علاوہ آپریٹنگ سسٹم میں نئے یوزر اکاؤنٹس بھی بنا سکتے ہیں۔
یہ سیکیورٹی مسئلہ ونڈوز کے تمام سپورٹیڈ ورژنز پر اثر انداز ہو سکتا ہے اور اسی وجہ سے مائیکرو سافٹ نے ایمرجنسی اپ ڈیٹ کو انتہائی ضروری قرار دیا ہے، کمپنی نے کہا ہے کہ ہمارا مشورہ ہے کہ ان اپ ڈیٹس کو فوری پر انسٹال کرلیں۔
اس سے قبل یکم جولائی کو مائیکرو سافٹ نے کہا تھا کہ وہ اس سیکیورٹی خامی سے آگاہ ہے اور اس معاملے پر تحقیقات کی جارہی ہے، اب اس کی روک تھام کیلئے اپ ڈیٹس کو جاری کیا گیا ہے۔