لاہور: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر توہین مذہب اور توہین رسالت کا غلط استعمال کرنے نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی دہشت گردی اسلام کو دہشت گردی کیساتھ جوڑنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، پیغامِ پاکستان تمام مکاتب فکر کا مشترکہ ضابطہ اخلاق ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی نے کہا کہ بیٹی، بیوی اور بہن کو تعلیم سے روکنا جہالت ہے، اس کا اسلام سے تعلق نہیں، بچیوں کو تعلیم اور وراثت سے محروم رکھنے والوں کا اسلام کیساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔