یورو کپ میں جرمنی کی شکست پر دل شکستہ بچی کیلئے ہزاروں پاؤنڈ کا انعام  

Thousands of pounds reward for Germany's defeat in Euro Cup
کیپشن: فائل فوٹو

لندن : برطانوی شہریوں نے یورو کپ میں جرمنی کی ٹیم کو سپورٹ کرنے والی چھوٹی سی بچی کی دل جوئی کیلئے 36 ہزار پاؤنڈ کی خطیر رقم اکھٹی کر لی ہے۔ یہ 9 سال بچی برطانیہ کے ہاتھوں جرمنی کی شکست پر دل گرفتہ ہو کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی تھی۔

خیال رہے کہ یورو کپ کا یہ اہم میچ لندن کے تاریخی ویمبلی سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں برطانوی ٹیم نے جرمنی کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔

یہ میچ دیکھنے ایک 9 سالہ بچی بھی آئی ہوئی تھی جو جرمن ٹیم کی بھرپور سپورٹ کر رہی تھی۔ جیسے ہی اس کی ٹیم ہاری یہ بچی پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔

اس موقع پر میچ کی کوریج کرنے والے کیمروں نے یہ لمحات محفوظ کرکے انھیں براہ راست چلانا شروع کر دیا۔

یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ پوری دنیا برطانیہ کی فتح کو بھول کر اس بچی کی معصومیت کے بارے میں باتیں کرنے لگی۔

لیکن کچھ سوشل میڈیا صارفین نے انٹرنیٹ پر اس بچی کی خوب ممیز بنائی تو اس کا دفاع کرنے کیلئے بھی برطانوی صارفین ہی میدان میں اترے اور انہوں نے بچی کیلئے ایک آن لائن مہم چلانا شروع کر دی۔

اس سلسلے میں برطانیہ کے علاقے ویلز کے رہائشی جوئل ہِیوز ''کراؤڈ فنڈ'' مہم کا آغاز کیا۔

اس مہم کیلئے انہوں نے ہی سب سے پہلے پانچ سو پاؤنڈ کی رقم جمع کرکے بچی کو بطور تحفہ پیش کی۔

تاہم دیکھتے ہی دیکھتے اس مہم میں دیگر شہریوں نے بھی حصہ لینا شروع کر دیا اور 36 ہزار پاؤنڈ اکھٹے ہو گئے۔

برطانوی شہری ہیوز کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میں خواہش ہے کہ اس جرمن بچی کے والدین یہ پیسے اس پر خرچ کریں تاکہ اسے پتا چل سکے ہر برٹش برا نہیں ہے، ہم میں سے بہت سے لوگ دوسروں کا خیال رکھنے والے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انھیں ابھی تک اس بچی کے بارے میں علم نہیں ہے کہ وہ کہاں کی رہنے والی ہے لیکن مجھے پوری امید ہے کہ جلد سے جلد اس کی شناخت کے بارے میں پتا چل جائے گا۔