مالک میرے بھائی کو جنت نصیب کرے ، اداکا ر دھرمیندر کی دلیپ کمار کے لئے دعا

12:59 PM, 8 Jul, 2021

ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر  اداکار دلیپ کمار کو آخری بار دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان  کا چہرہ ہاتھوں  میں لیے روتے رہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے ’شہنشاہ جذبات‘ دلیپ کمار گزشتہ روز دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کو اداس چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے اس جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سنتے ہی شاہ رخ خان، دھرمیندر، ودیا بالن اور کرن جوہر سمیت  بالی ووڈ  کی مشہور شخصیات ان کے گھر پہنچیں جب کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سمیت دونوں جانب کی مشہور شخصیات نے ان کے  انتقال کی خبر سن کر افسوس کا اظہار کیا۔

بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر بھی دلیپ کمار کو آخری بار دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کا چہرہ ہاتھوں میں لے کر روتے رہے۔ دھرمیندر نے دلیپ کمار کے ساتھ اپنی آخری تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’سائرہ نے جب کہا دھرم دیکھو صاحب نے پلک جھپکی ہے جان نکل گئی میری۔ مالک میرے پیارے بھائی کو جنت نصیب کرے۔‘‘

 دھرمیندر نے اپنی اور دلیپ کمار کی ایک یادگار تصویر بھی شیئر کی اور لکھا دوستوں مجھے دکھاوا نہیں آتا لیکن میں اپنے جذبات پر قابو بھی نہیں  رکھ پاتا۔ اپنے سمجھ کے کہہ جاتا ہوں۔

 واضح رہے کہ  بالی ووڈ کے ’ٹریجڈی کنگ‘ دلیپ کمار کو طویل العمری کی وجہ سے  چند سال سے سانس لینے میں مشکلات، سینے میں تکلیف، پھیپھڑوں اور گردوں کے مسائل کی وجہ سے اسپتال داخل کرایا جاتا رہا تھا۔ گزشتہ ماہ انہیں ناساز طبیعت کی وجہ سے دو بار اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز وہ جانبر نہ ہوسکے اور اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

مزیدخبریں