دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی بندرگارہ پر رات گئے لگنے والی آگ نے کئی جہازوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر ملیا میٹ کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے سے قبل بندرگارہ میں زوردار دھماکا ہوا تھا۔
دبئی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کے عملہ فوری طور پر بندرگاہ پر پہنچا اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ کافی تگ ودو کے بعد آگ پر تو قابو پا لیا گیا ہے تاہم اس سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانا قبل از وقت ہے۔
ادھر عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدر زوردار تھا کہ اس کی آواز پورے دبئی میں سنی گئی۔ زوردار دھماکے سے بندرگاہ کے نزدیک عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ زوردار دھماکا جبل علی بندرگاہ پر لنگر انداز ایک جہاز پر ہوا، اس کے بعد پورے جہاز میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر جہازوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ جہاز پر لدے کچھ کنٹینرز میں آتش گیر مادہ موجود تھا۔ واقعہ کے بعد پورے متحدہ عرب امارات میں سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دبئی بندرگارہ کا شمار دنیا کی مصروف ترین بندرگاہوں میں ہوتا ہے۔ یہ بندرگارہ 2017 ء میں امریکا کے بھی زیر استعمال رہی۔
بندرگاہ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف آتشزدگی سے متاثر ہونے والے حصے کو بند کیا گیا ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ غیر ملکی بحری جہازوں کی آمدورفت میں کوئی خلل واقع نہ ہو، ہماری تیاریاں مکمل ہیں، ہر چیز پر کنٹرول ہے۔