ممبئی: گزشتہ روز دنیا فانی سے کوچ کر جانے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے کہا ہے کہ خدا نے مجھ سے میرے جینے کی وجہ چھین لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیپ کمار کے ڈاکٹر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ جب انہوں نے سائرہ بانو کو ان کے شوہر کے انتقال کی خبر دی تو وہ زور زور سے رونے لگیں۔ ڈاکٹر کے مطابق اس افسوس ناک اور دل دہلا دینے والے موقع پر سائرہ بانو نے کہا کہ ’خدا نے میری زندگی کی وجہ چھین لی۔
سائرہ بانو نے کہا کہ دلیپ کمار صاحب کے بغیر میں کسی بھی چیز کے بارے میں سوچنے کے قابل نہیں ہوں گی، اس مشکل گھڑی میں سب ان کیلئے دعا کریں، دلیپ کمار کے انتقال کے بعد سائرہ بانو تنہا ہوگئی ہیں جبکہ ان کیلئے یہ وقت بہت مشکل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر ان کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی۔
دلیپ کمار گزشتہ کئی سال سے بیمار تھے جس کی وجہ سے انہیں اکثر معائنے کیلئے ہسپتال منتقل کیا جاتا تھا اور سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے دلیپ کمار ممبئی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے اور اپنے کروڑوں مداحوں کو افسردہ کر گئے۔
خدا نے مجھ سے میرے جینے کی وجہ چھین لی ہے: سائرہ بانو
11:26 AM, 8 Jul, 2021