اسٹین سوامی کی بھارتی جیل میں ہلاکت، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

11:03 AM, 8 Jul, 2021

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے انسانی حقوق کے کارکن اور پادری اسٹین سوامی کی دوران حراست موت پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے گزشتہ روز روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی بریفنگ کے دوران بھارتی جیل میں قید پادری کی موت پر ان کے خاندان اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے خیال میں یہ ایسے کیسز میں سے ایک ہے جہاں ہمیں واضح طور پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے کہ کب اور کیسے ان کی موت ہوئی ہے۔

قبل ازیں جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر مشیل بیچلٹ نے کہا کہ انہیں دوران حراست پادری اسٹین سوامی کی موت پر گہرا صدمہ اور افسوس ہے۔ ان کی ترجمان لز تھروسیل نے کہا کہ ہم متنازع قانون ( یو اے پی اے) کے تحت گزشتہ سال اکتوبر میں گرفتار ہونے والے انسانی حقوق کے دفاعی اور پادری اسٹین سوامی کی دوران حراست موت پر افسردہ ہیں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محض تنقید یا اختلاف رائے ظاہر کرنے والے گرفتار افراد سمیت غیرقانونی طور پر گرفتار کیے جانے والے افرادکو رہا کیا جائے۔ واضح رہے کہ اسٹین سوامی کو 9اکتوبر 2020کو رانچی سے بھیما کوریگائوں تشدد کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ سوامی ممبئی کے ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ہفتے کو انہیں دل کا دورہ پڑا تھا ۔

مزیدخبریں