لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے دورے کے دوران عوام کی شکایات اور فرائض سے غفلت برتنے پر سرکاری افسران کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے 6 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر جن افسران کو ہٹایا گیا ہے ان میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈی جی خان حافظ احمد طارق اور ایکسیئن ہائی وے گلفام اقبال شامل ہیں۔
ایم ایس ٹیچنگ اسپتال ڈی جی خان ڈاکٹر اطہر فاروق، جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل ڈی جی خان یاسر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مظفر گڑھ عمران شمس اور تحصیل دار ڈی جی خان آفتاب اقبال کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اس موقع پر پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثما ن بزدار نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ نہ کرنے والے افسروں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، اب افسروں کو افسر شاہی چھوڑ کر عوامی خدمت کرنا ہو گی، جہاں کوتاہی یا غفلت نظر آئی بغیر وقت ضائع کئے ایکشن ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ شہروں کے وزٹ اور عوام کے فیڈ بیک سے زمینی حقائق کا علم ہوتا ہے، پنجاب میں جو افسر ڈیلیور کرے گا، وہی عہدے پر رہے گا، سرکاری فرائض میں کوتاہی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی، افسروں کو عوامی توقعات پر پورا اترنا ہو گا، عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسران قبلہ درست کر لیں۔