حج کی تیاریاں شروع، غلاف کعبہ کو تین میٹر اوپر اٹھا دیا گیا  

09:38 AM, 8 Jul, 2021

مکہ مکرمہ: مکہ المکرمہ میں حج کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں، اس سلسلے میں غلاف کعبہ کو تین میٹر اوپر اٹھا دیا گیا ہے، جو حج کی تیاریوں کا آغاز میں سے ایک عمل ہے۔

سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس کی زیرنگرانی خانہ کعبہ کا غلاف نیچے سے تین میٹر تک اوپر اٹھا دیا گیا۔

اس عمل کے لیے 50 سے زائد ماہرین پرمبنی خصوصی ٹیمیں ہیں جب کہ ایک خصوصی سیڑھی بھی ہے جو صرف اس کام کے لے مختص ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جہاں سے غلاف اوپر اٹھایا گیا ہے وہاں دومیٹرچوڑے سفید کاٹن کے کپڑے سے خانہ کعبہ کو چاروں طرف سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔حج کے بعد غلاف کعبہ کوواپس تین میٹرنیچے کردیا جائے گا۔خانہ کعبہ کا غلاف ہر بار حج کے موقع پر تبدیل کر دیا جاتا ہے۔

اس بار بھی یہ ایمان پرور تقریب یوم عرفہ کو منعقد ہو گی جو دُنیا بھر میں دکھائی جائے گی۔ اس حوالے سے غلاف کعبہ کی تیاری کے ذمہ دار شاہ عبدالعزیز کمپلیکس، نمائش اور میوزم کے سیکرٹری عبدالحمید المالکی نے بتایا کہ 9 ذی الحج کو خانہ کعبہ کا پرانا غلاف تبدیل کرکے اس کی جگہ نیا غلاف چڑھایا جائے گا۔

المالکی کا کہنا تھا کہ غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تمام سرگرمیاں مسلم دنیا کے ذرائع ابلاغ کے ذریعے دکھائی جائیں گی تاکہ غلاف کعبہ کی تیاری کے حوالے سے سعودی قیادت کی کاوشوں کا اظہار کیا جاسکے اور حرمین شریفین میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کے لیے مملکت کی طرف سے فراہم کردہ خدمات کو پیش کیا جا سکے۔

مزیدخبریں