واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان اور امریکا مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں کیونکہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نڈپرائس کا ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ حال ہی میں پاکستان کئی معاملات میں مددگار رہا۔ انسداد دہشت گردی اور عوامی تعلقات نے دونوں ممالک کو متحد کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ پرامن افغانستان کیلئے دیگر ہمسایہ ممالک کو بھی اثرورسوخ بہتر انداز میں استعمال کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن واستحکام پڑوسی ممالک کے مفاد میں ہے۔ امن کے لیے علاقائی اتفاق رائے اہم ہے۔ بندوق کے زور پر اقتدار حاصل کرنے والوں کو قانونی حیثیت حاصل نہیں ہوگی۔ افغان عوام 40 سال سے خانہ جنگی کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان امن کے لیے ترکی اور قطر کے کردار کے شکر گزار ہیں۔ دوحہ میں جاری امن کوششوں کی اب بھی حمایت کر رہے ہیں۔