لاہور: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اب سلیکٹڈ بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ کسی نہ کسی طریقے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم کسی پتلی کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کے تماشے کا حصہ نہیں لیکن بلاول کی باتوں سے لگ رہا ہے کہ سلیکٹڈ بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ ہم پر پرالزام لگا رہے ہیں جبکہ ایک پارٹی کے چیئرمین کو نپی تلی بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جوغلط کام کرتے ہیں خود دوسروں پر الزام لگانا شروع کر دیتے ہیں کیونکہ بلاول نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) چھوڑ دی ہے جبکہ یہ حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم میں تھے تو کبھی شکووں کا اظہار نہیں کیا تھا۔ اب اچانک شکوؤں کا اظہار کر دیا ہے اور شکوؤں کے ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن میں بڑے مقصد کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، اگربلاول کو شکوہ ہے تو لیڈر آف دی اپوزیشن شہباز شریف سے ایوان میں آکربات کرلیں، جلسوں میں تقاریر، الزامات سے ان کو کچھ نہیں ملے گا۔ جلسوں میں الزامات سے ان کی ہی بدنامی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کی بالادستی کی بات کر رہے ہیں، بلاول کسی نہ کسی طریقے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، یہ مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی کی سیاست میں فرق ہے۔ ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ن لیگ نے کوشش کی تھی کہ اپوزیشن ایوان سے باہرنکلے، اپوزیشن استعفی دیتی تونظام خود ہی ختم ہو جاتا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کسی معاملے سے پیچھے نہیں ہٹی، بات کرنے کا طریقہ کاربدلتا رہتا ہے، پارلیمان کے اندر اور باہرعوامی مسائل پربات کررہے ہیں، بلاول نے نیا راستہ اپوزیشن پارٹیوں پر تنقید شروع کر دی ہے۔ پیپلزپارٹی نے استعفے نہ دے کر خلاف ورزی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں ان کا اپنا ایک طریقہ کار ہے اور شہبازشریف کسی ڈیل کی بات کرتے ہیں نہ کی ہے جبکہ مسلم لیگ کسی ڈیل کے ذریعے اقتدارمیں آنے کی قائل نہیں اور شہباز شریف جو ہمارے لیڈر ہیں وہ بھی اسی راستے پر چل رہے ہیں۔