فیصل آباد:چیئرمین ایف بی آر شبر زید ی نے کہا ہے کہ دو ہزار اٹھارہ کے ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ 2 اگست تک بڑھا دی گئی ہے جبکہ چا رج لینے کے بعد پہلا حکم دیا تھا کسی کا بینک اکاؤنٹ منجمد نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ سسٹم کو آٹو میشن کی طرف لے کر جا رہے ہیں،ایف بی آر کی تنظیم نو کریں گے،نیا ایف بی آر ضرور بنے گا۔
چیئرمین ایف بی آرشبرزیدی نے واضح کردیا کہ ایف بی آر میں تمام تبادلے انتظامی امور پر ہوئے ،ہر تین سال بعد گریڈ ایک سے پندرہ تک کے ملازمین کے تبادلے کئے جاتے ہیں،نیا ایف بی آر بھی موجودہ لوگوں سے ہی بنے گا،کسی کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن کے حوالے سے شکایات تھیں اسے آٹومیٹ کردیا گیا ہے،مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،حکومت نے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا،ڈالر کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی بڑھی۔
چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ مڈل مین کا ٹیکس نیٹ میں نہ شامل ہونا ہے،مڈل مین کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا،زیرو ریٹنگ کی مراعات پہلی بار ختم نہیں ہوئیں،موجودہ ایمنسٹی سکیم کو ملک بھر میں پذیرائی ملی۔