ڈربن:پاکستان انڈر 19 ٹیم نے جنوبی افریقہ انڈر 19 ٹیم کو آخری یوتھ ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-7 سے وائٹ واش کر دیا، پاکستانی ٹیم نے 183 رنز کا ہدف 38ویں اوور میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، حارث خان نے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی، باسط علی 56 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، حارث خان کو عمدہ آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
ڈربن میں کھیلے گئے ساتویں اور آخری یوتھ ون ڈے میچ میں جنوبی افریقن انڈر 19 ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 48 اوورز میں 182 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، پاکستانی باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کے سامنے میزبان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن اننگز نہ کھیل سکا، کپتان پارسنز 37 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، محمد عامر نے 3، عامر علی اور حارث خان نے 2، 2 اختر شاہ اور فہد منیر نے ایک، ایک وکٹ لی۔
جواب میں پاکستانی انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف با آسانی 37.3 اوورز میں صرف 3 وکٹوں پر پورا کیا، حیدر علی اور محمد باسط علی نے ٹیم کو 49 رنز کا آغاز فراہم کیا، حیدر علی 30 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے، کپتان روحیل نذیر 1 رن بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر باسط علی اور حارث خان حریف باﺅلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 82 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، 148 کے سکور پر باسط 56 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہو گئے لیکن حارث ڈٹے رہے۔
انہوں نے فہد منیر کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلوائی، حارث 69 اور فہد 21 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔قومی ٹیم نے 7-0 سے کامیابی سمیٹ کر عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔