ہوسٹن : امریکہ چین کے منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ سے اپنے بنیادی ڈھانچے میں فائدہ حاصل کر سکتا ہے، چین کے تجویز کردہ بیلٹ اینڈروڈ منصوبے کے ساتھ 70ممالک منسلک ہو چکے ہیں ، اس سے نہ صرف چینی عوام بلکہ دنیا بھر کے لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار ایک امریکی تھنک ٹینک کے سینئر ایگزیکٹو بریان لانٹز نے یہاں ایک کانفرنس میں کیا جس کا اہتمام رائس یونیورسٹی ہوسٹن نے کیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ نئی شاہراہ ریشم دنیا کیلئے پل بن سکتی ہے اور ہمیں اس میں کردار ادا کرنا چاہئے ۔انہوں نے اس سلسلے میں امریکن سوسائٹی آف سول انجنیئرز کی ایک رپورٹ کا بھی حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ کے اقتصادی ڈھانچے میں دو ٹریلین ڈالر کا خسارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری اور چین کی تیز رفتار ریل کی ٹیکنالوجی کی مدد سے امریکہ اپنے ریلوے نظام کی تعمیر نو اورمرمت کر سکتا ہے اور یہ کام ملک کے وسطی علاقوں میں خاص طورپر کیا جا سکتا ہے۔
جس سے امریکی شہروں میں نئی توانائی آئے گی ، چین کے ڈپٹی قونصل جنرل زاﺅ یو من نے اس موقع پر سامعین کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا اور اس بات پر زوردیا کہ چین رابطے اور برابری کی سطح پر مذاکرات کے ذریعے غلط فہمیاں کم کرنے پر یقین رکھتا ہے ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں