لندن: سابق پاکستانی ٹیسٹ اسٹار ثقلین مشتاق نے ایک بار پھر انگلش اسپنرز کی رہنمائی شروع کر دی۔ انکا کہنا تھا کہ ہم وطنوں کی رہنمائی کی بھی خواہش ہے ،مستقبل میں ایسا موقع ملا تو ضرور کروں گا۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کو چند ماہ قبل2 برس کیلیے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا،انھیں سال میں 100 دن کام کرنا ہے، جنوبی افریقہ سے انگلینڈ کی ہوم سیریز میں وہ میزبان کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہیں۔ ان کا ساتھ پا کر انگلش ٹیم نے 24 سال بعد لارڈز ٹیسٹ میں 2 اسپنرز کو کھلایا۔
ثقلین مشتاق کے مطابق وہ معین علی ، لیام ڈاسن اور دیگر بولرز کی صلاحیتیں نکھارنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔سابق اسپنر نے خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ہم وطنوں کی رہنمائی کرنا چاہتے ہیں ، مستقبل میں جب کبھی ایسا موقع ملا تو ضرور یہ کریں گے۔
پاکستان کے سابق اسپنر انگلش ٹیم سمیت نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کیلیے بھی بطور اسپن مشیر خدمات انجام دے چکے ہیں۔