قطر تنازعہ میں مصالحت کیلئے برطانوی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچ گئے

11:51 AM, 8 Jul, 2017

ریاض:قطر اور عرب ممالک کے درمیان مصالحت کے لئے عالمی برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن سعودی عرب پہنچ گئے جبکہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کل( پیر کو )کویت پہنچیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی قطر کو دی گئی 48 گھنٹے کی مہلت بھی ختم ہوگئی ہے اور عرب ملک قطر کے خلاف مزید پابندیوں کی تیاری کر رہے ہیں۔

کویت، برطانیہ، امریکا اور جرمنی کی کوشش ہے کہ عرب ممالک کے درمیان تنازعہ کو ختم کرا دیا جائے۔جرمن وزیر خارجہ کویتی حکام سے مذاکرات کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔ جبکہ امریکی وزیر خارجہ پیر کو قطر پہنچیں گے اور قطر سے مصالحتی عمل کو کویت کے ساتھ مل کر آگے بڑھائیں گے۔ برطانیہ بھی تنازعہ کے حل کے لئے سرگرم ہوگیا ہے اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے مصالحتی بیان کے بعد برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن ریاض پہنچ گئے ہیں۔

بورس جانسن سعودی حکام سے ملاقات میں قطر سے مصالحت پر زور دیں گے۔ سعودی عرب سمیت 4 عرب ملکوں کا قطر سے مطالبہ ہے کہ وہ دہشتگردوں اور کالعدم گروپوں کی مالی مدد بند کردے۔ خلیج تعاون کونسل رکن ممالک کی پالیسی پر عمل کرے۔ جبکہ قطر کا موقف ہے کہ وہ خارجہ پالیسی پر کسی کی ڈکٹیشن نہیں لے گا لیکن عرب ملکوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے بات چیت ضرور کرے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں