حیدر آباد: موٹروے پر ایک اور تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا، ڈرائیور زخمی

10:10 AM, 8 Jul, 2017

حیدر آباد: حیدر آباد میں 32 میل چاڑی کے قریب ایم نائن موٹروے پر ڈیزل سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ہزاروں لیٹر ڈیزل بہہ گیا۔ ترجمان موٹروے کے مطابق ڈرائیور کو نیند آ جانے کی وجہ سے آئل ٹینکر موٹروے ٹریک سے کچے میں اترا اور الٹ گیا۔ حادثے میں ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔

اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمی ڈرائیور کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس سے پہلے بھی ملک بھر میں کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ یاد رہے عیدالفطر سے پہلے احمد پور شرقیہ میں بڑا سانحہ ہوا تھا اور آئل ٹینکر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے۔

30 جون کو میرپور ماتھیلو قومی شاہراہ پر بھی آئل ٹینکر الٹا اور گزشتہ روز بھی اوچ شریف میں قومی شاہراہ پر پل موہانہ کے قریب کیمیکل سے بھرا کنٹینر سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرانے کے بعد الٹ گیا تھا۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں