ملالہ ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ٹوئٹر کا حصہ بن گئیں

ملالہ ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ٹوئٹر کا حصہ بن گئیں

لاہور: لڑکیوں کی تعلیم کے لیے سرگرم نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر کا حصہ بن گئیں۔ 7 جولائی کی شام 19 سالہ ملالہ یوسف زئی نے اپنی ٹوئٹس کے پہلے سلسلے میں اپنی سرگرمیوں اور کامیابیوں میں تعلیم کے اہم کردار کو واضح کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آج میرا  اسکول کا آخری دن جبکہ ٹوئٹر پر  پہلا دن ہے'۔ ملالہ یوسف زئی کی ٹوئٹس کے بعد اب تک ان کے اکاؤنٹ کو فالو کرنے والے صارفین کی تعداد 3 لاکھ 75 ہزار تک جا پہنچی۔ نوبیل انعام اپنے نام کرنے والی کم عمر ترین طالبہ نے مزید لکھا کہ 'ہائی اسکول مکمل کرنا ان کے لیے تلخ و شیریں تجربہ تھا'۔

یاد رہے اکتوبر 2012 میں طالبان حملے کے بعد علاج کے لیے برمنگھم جانے والی ملالہ برمنگھم کے ہی ایک اسکول میں زیرتعلیم تھیں۔ تعلیم کے فروغ کے لیے پرعزم طالبہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے مستقبل کے حوالے سے پرجوش ہوں لیکن میں جانتی ہوں کہ دنیا بھر میں لاکھوں لڑکیاں اسکول نہیں جاتیں اور شاید انہیں اپنی تعلیم مکمل کرنے کا موقع کبھی نہیں مل سکے گا'۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ ''ہر لڑکی کی ایک منفرد کہانی ہوتی ہے جبکہ تعلیم اور مساوات کی جنگ میں لڑکیوں کا آواز بلند کرنا  ہمارا سب سے اہم ہتھیار ہے'۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کی بھی پیشکش کی جا چکی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں