ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، سیاسی اور عسکری قیادت پُرعزم

08:10 AM, 8 Jul, 2017

اسلام آباد: وزیر اعظم کی صدارت گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملکی سلامتی کی صورتحال اور سرحدی معاملات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع،  تینوں سروسز چیفس اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت ڈی جی ایم آئی شریک ہوئے۔ اس اہم اجلاس میں ملکی سلامتی، قطر سعودی عرب اور افغانستان، بھارت تعلقات سمیت مودی کے دورہ اسرائیل و امریکا کے حوالے سے پالیسی پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے افغان صدر اشرف غنی اور سعودی فرمانروا سے ہونے والی ملاقاتوں سمیت عالمی اتحاد کے بارے میں اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا جب کہ آرمی چیف قمر باجوہ نے مشرقی اور مغربی سرحدوں کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی سلامتی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے اور قومی سلامتی کو ہر سطح پر مقدم رکھا جائے گا۔

اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک نےعالمی تحفظ اور سلامتی کے لیے پاکستان کی طرح قربانیاں نہیں دیں۔ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

پاکستان علاقائی اور عالمی شراکت داروں سے تعاون اور افغانستان میں معمول کے حالات کی واپسی کیلئے کوششیں جاری رکھے گا لیکن امن کے لئے افغان حکومت کو بھی اپنےعلاقے میں مؤثر کنٹرول قائم کرنا ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں