کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس کامیابی کو پاکستان کی خوشحالی کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ 77 سال بعد وہ کامیابی ملی جس کی قوم کو اشد ضرورت تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیا نظام معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، اور ملک کو آگے بڑھانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کسٹمز کے افسران، وزیر خزانہ، اور چیئرمین ایف بی آر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدید نظام کے ذریعے امپورٹرز اور کسٹمز افسران کے درمیان فیس لیس انٹرایکشن ممکن ہوا ہے، جس سے انسانی مداخلت کم ہوگی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ تجرباتی بنیاد پر شروع کیے گئے اس نظام سے کلیئرنس کا عمل 107 گھنٹوں سے کم ہو کر 19 گھنٹوں تک آ گیا ہے، اور 88 فیصد درآمدکنندگان اس نظام سے مطمئن ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر اور کراچی پورٹ کے افسران کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، تاہم امپورٹر کے ایڈریس کی شرط پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل شروع کیا گیا، کیونکہ ماضی کا فرسودہ نظام دہائیوں تک قومی وسائل کو نقصان پہنچاتا رہا۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ یہ جدید نظام پاکستان کی معاشی ترقی کا اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔