لاہور : ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے اور بالائی علاقوں میں سخت ٹھنڈ پڑ رہی ہے، جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر چکا ہے۔
بالائی علاقوں میں دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں ہیں، جب کہ لہہ میں درجہ حرارت منفی 10 اور کالام میں منفی 9 تک پہنچ گیا۔ قلات اور استور میں منفی 8، کوئٹہ، گوپس اور زیارت میں منفی 7 تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ سکردو، دروش، چترال اور ہنزہ میں درجہ حرارت منفی 4 رہا۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے شہری گھروں میں محصور ہو گئے ہیں اور خوراک و ادویات کی کمی پیدا ہو گئی ہے۔ قلات اور وادی نیلم میں شدید بارشوں اور برفباری سے نظام زندگی متاثر ہو گیا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان میں منجمد خلتی جھیل پر آئس ہاکی کے مقابلے منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اور جمی ہوئی جھیل پر بچوں نے آئس ہاکی کی پریکٹس بھی کی۔