لاہور :امیر جماعت اسلامی سراج الحق کاکہناہے آصف علی زرداری ، شہبازشریف اور عمران خان کے ٹرائیکا سے ملک کو ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ ۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا حلقہ پی پی 168میں تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ سیاسی ٹرائیکا نے توشہ خانہ ،ایوانوں، عدالتوں، معیشت، صنعتوں اور اخلاقیات و تعلیمی نظام کو تباہ کر دیا ہے،اسٹیبلشمنٹ نےکرپٹ سیاستدانوں کو عوام کے سروں پر بٹھایا،مصنوعی حکمران مصنوعی آکسیجن پر چل رہے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ اگر ان حکمرانوں سے اسٹیبلشمنٹ کا فیڈر چھین لیاجائے تو یہ زمیں بوس ہوجائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ڈار صاحب سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ اقتدار میں آنے سے پہلے کہتے رہے کہ ڈالر دو سو پر لاؤں گا لیکن ان کی حکومت میں ڈالر مزید اوپر چلا گیا، کیسز ختم کرکے ملکی کرنسی کو کاغذ کا ٹکڑا بنادیا،اب قوم سے کہتے ہیں مزید بوجھ کےلئے تیار ہو جائے ۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ وہ جرنیل بھی اللہ کو جواب دیں گے جنہوں نے درندوں کو قوم کے سروں پر بٹھایا ،اژدھا بن کر قوم کو ڈسا،،پنجاب میں پرویز الہی کی حکومت ہے تو جرنیلوں نے کہا عمران خان کا ساتھ دیں، مرکز میں پی ڈی ایم کی حکومت کی وجہ سے ایم کیو ایم اور باپ کو اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے پی ڈی ایم کا ساتھ د ینے کا حکم دیا گیا ، سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے ہے۔
سراج الحق نے کہااگر جماعت اسلامی کو موقع ملا تو کرپٹ حکمرانوں کو اڈیالہ اورکوٹ لکھپت جیل میں ڈالیں گے۔
جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کاکہناتھاعمران خان اور اتحادی حکومت میں افغانستان کو تسلیم کرنے کی جرات نہیں،تقریب کے میزبان احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ ترازو کے انتخابی نشان پر اسلامی و خوشحال پاکستان کےلئے جدوجہد کرنے کا موقع ملا تو عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہوگا ۔