پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند سے سردی میں اضافہ ،نظام زندگی متاثر

 پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند سے سردی میں اضافہ ،نظام زندگی متاثر

لاہور : صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی دھند کا راج برقرار ہے ،  متعدد مقامات پر موٹر ویز کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔


پنجاب کے مختلف شہروں میں  دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،دھند کے باعث موٹر وے ایم  2 اللّٰہ  انٹرچینج سے پنڈی بھٹیاں تک اور ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند  کردی  گئی ، موٹر وے ایم 4 ملتان سے فیصل آباد تک اور ایم 5 موسیٰ والا سے چنی گوٹھ تک بند ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ حدنگاہ 10 سے 5 میٹر ہونے کی وجہ سے موٹر ویز پر ٹریفک کو روکا گیا ہے۔موٹر وے پولیس کی جانب سے  شہریوں  دوران سفر فوگ لائٹس  کے  استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ملتان میں  شدید دھند کے باعث ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے ،ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مسقط سے آنے والی پرواز کو ڈائیورٹ کر دیا گیا جبکہ شارجہ اور جدہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں   میں شدید برفباری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا،کالام، مہوڈنڈ کے علاوہ کالام سٹی میں شدید برف باری کا سلسلہ  جاری ہے،  سرد ی میں اضافے کی وجہ سے   جہاں ایک طرف سیاح لطف اندوز ہو رہے ہیں دوسری  جانب  راستے بند ہونے سے مشکلات میں مزید اضافہ بھی ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو برفباری کے دوران محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔