لاہور: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ بھی عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جنہوں نے قرنطینہ اختیار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا انگلینڈ سے پاکستان روانگی کیلئے کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے قرنطینہ اختیار کر لیا ہے اور اب وہ صحت یاب ہونے کے بعد ہی پاکستان آئیں گے۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس نے پھر سر اٹھا لیا ہے اور کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 353 لاہوریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 6.3 فیصد تک جا پہنچی ہے۔