برلن: ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) نے میسی سمیت چار فٹ بالرز کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی تصدیق کر دی ہے۔
کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد بھی میسی کے آئندہ میچ میں کھیلنے کے امکانات نہیں ہیں کیونکہ انہیں قرنطینہ اور وضع کردہ پروٹوکول پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔
یاد رہے کہ میسی سمیت ان کی ٹیم کے چار کھلاڑی بیرنٹ، سیرگیو ریگو اور ناتھن میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد چاروں کھلاڑیوں نے قرنطینہ اختیار کر لیا تھا۔
پی ایس جی کلب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ چاروں کھلاڑیوں کی حالت بہتر ہے اور ماہر ڈاکٹرز ان کی نگرانی کر رہے ہیں اور اب تمام افراد صحت یاب ہو گئے ہیں۔