مری: معروف سیاحتی مقام مری میں پیش آنے والے سانحہ کے بعد مری ڈویژن کے کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل واجد عزیز نے کہا ہے کہ آخری سیاح کو محفوظ مقام پر پہنچانے تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل واجد عزیز نے کہا کہ آرمی ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن رات سے ہی شروع ہو گیا تھا جس کے تحت ملٹری پولیس کے اہلکار سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ٹریفک کو دیکھ رہے تھے جبکہ رات کو ہی آرمی چیف نے بھی کہا تھا کہ ہدایات کا انتظار کئے بغیر مکمل تعاون کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہاں پھنسے تمام افراد کو امداد پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ کسی کو بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، رات کو دو کیمپ قائم کئے گئے تھے اور آرمی سکول آف لاجسٹک میں 60 خاندانوں کو رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنی بینک میں قائم کیمپ میں 50 خاندانوں کو رکھا گیا، ایف ڈبلیو او راولپنڈی کی مشینری نے ایکسپریس ہائی وے کو صاف کیا اور شام تین بجے تک ایکسپریس وے کھل چکی تھی، آخری سیاح کو محفوظ مقام پر پہنچانے تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔
آخری سیاح کو محفوظ مقام پر پہنچانے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا: میجر جنرل واجد عزیز
06:54 PM, 8 Jan, 2022