شہباز شریف اپنی سیٹ کی فکر کریں، اگلی بار وہ ایم این اے بھی نہ بن سکیں گے: فواد چوہدری

06:26 PM, 8 Jan, 2022

لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اپنی سیٹ کی فکر کریں کیونکہ اگلی بار وہ ایم این اے بھی نہیں بن پائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹے سے کم وقت میں لاکھوں لوگ مری میں داخل ہوئے جبکہ ٹریفک جام اور شدید برف باری کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، صورتحال پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ سمیت فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ایکسپریس وے تقریباً کلیئر ہوگیا ہے جبکہ نتھیا گلی کی طرف سے خیبر پختونخوا حکومت نے بھی تمام راستے کھول دیئے ہیں اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا رہا ہے جس کے بعد صورتحال بہتر ہو رہی ہے تاہم انتظامات مزید بہترکرنے کی ضرورت ہے۔ 
اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے اتنے دلخراش سانحے پر بھی اپوزیشن سیاسی بیانات دے رہی ہے، شاہد خاقان عباسی حلقے کے عوام کی مدد کرنے کے بجائے راولپنڈی میں بیٹھ کر پریس کانفرنسز کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اپنے حلقے کے لوگوں کی مدد کریں، مری میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں پوری قوم شریک ہے۔
انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف غلط حلف نامے پر کیس آئندہ ہفتے دائر کریں گے، وہ اپنی سیٹ کی فکر کریں کیونکہ اگلی بار وہ قومی اسمبلی کے رکن بھی نہیں بن سکیں گے، سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کو سزا ہو چکی ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف بھی مقدمات داخل ہو چکے ہیں، بڑی بڑی مچھلیاں باہر ہو چکی ہیں، آئندہ انتخابات میں یہ لیڈرشپ نہیں ہو گی۔ 

مزیدخبریں