لاہور: شوبز انڈسٹری کی خوبصورت جوڑی احد رضا میر اور اداکارہ سجل علی کی علیحدگی کے حوالے سے ایک بار پھر قیاس آرائیوں نے زور پکڑ لیا ہے، اداکارہ سجل علی کچھ عرصہ قبل ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے چکی ہیں لیکن ان کی بہن صبور علی کی شادی کی تقریبات میں احد رضا کی عدم شرکت نے مداحوں کی پھر پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے۔
سجل علی کی بہن اور اداکارہ صبور علی کی شادی کی تقریبات شروع ہونے کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا تاکہ تقریب میں احد اور سجل کی ایک ساتھ موجودگی ان کی پریشانی کو دور کرسکےاور عرصے سے جاری قیاس آرئیاں بھی دم توڑ سکیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر صبور علی کی مایوں کی ویڈیو ز اور تصاویر سامنے آنے کے بعد فنکار جوڑی کے مداح ایک بار پھر کافی مایوس ہوئے کیونکہ احد رضا میر اب تک ہونے والی کسی بھی تقریب میں نظر نہیں آئے۔
سوشل میڈیا صارفین احد رضا میر کی جانب سے فیملی کے اہم فنکشن میں عدم شرکت کا ذکر کرتے ہوئے تبصرے کرتے رہے جب کہ اس جوڑے کے مداح کافی پریشان ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ یہ قیاس آرائیاں حقیقت میں تبدیل ہوں۔تاہم مداحوں کی پریشانی میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب سوشل میڈیا پر انکشاف ہوا کہ احد رضا میر اپنی اہلیہ اداکارہ سجل علی کی بہن صبور علی کی شادی کی تقریب کا حصہ تو نہیں بنے بلکہ دبئی میں اپنے والدین کے ہمراہ ایک شادی کی تقریب میں دکھائی دئیے ۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سجل علی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شوہر کے ساتھ طلاق کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اب ہم دونوں نے فیصلہ کہ ہمیں تھوڑا سا بریک لینا چاہیئے کیونکہ دونوں ایک ساتھ بہت کثرت سے اداکاری کرتے رہے ہیں تو اب اس وقت تک دونوں ساتھ کام نہیں کریں گے جب تک کوئی ایسی کہانی سامنے نہ آئے جس پر وہ دونوں ساتھ کام کرنے سے انکار نہ کرسکیں۔