ایران نے زیرزمین میزائل اڈے کا افتتاح کر دیا

07:30 PM, 8 Jan, 2021

تہران: ایران نے امریکا کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد  دھمکی دی تھی کہ خلیج فارس کے ساحلی علاقے میں زیرزمین میزائل کا ایک بڑا اڈا ہے جس کا افتتاح پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے کیا اور اسے سرکاری ٹیلی وژن پر براہ راست پر بھی دکھایا گیا۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو کلپ میں پاسداران انقلاب کے اعلی سطح کے کمانڈرز کو زیر زمین ڈپو میں امریکی اور اسرائیل کے جھنڈوں کے اوپر چلتے ہوئے اندر جاتے دیکھا گیا۔

اس اڈے کے بارے میں پاسداران انقلاب کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ اڈا خلیج میں ہماری بحریہ کے کئی اڈوں میں سے ایک ہے اور گزشتہ سال ایران نے اعلان کیا تھا کہ وہ خلیج کی ساحلی پٹی پر زیرزمین میزائل شہر کو تعمیر کر رہے ہیں۔ میجر جنرل حسین سلامی نے اس اڈے کے بارے میں اعتراف تو کیا لیکن انہوں نے اس کے مقام اور صلاحیت کے متعلق آگاہ نہیں کیا۔

ایران نے زیر زمین اڈے کا دعویٰ امریکا کی جانب سے جوہری صلاحیت رکھنے والے دو B-52 اسٹریٹجک بمبار طیاروں کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کرنے کے بعد کیا۔ 

مزیدخبریں