اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بلیک میلنگ کا بیان دے کر کوئٹہ میں پڑی میتوں کی توہین کی ہے ۔ عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ نااہل، انا پسند اور بے رحم وزیراعظم ہیں ۔
وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شیری رحمن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ جانے کو اپنا ذاتی مسئلہ بنا دیا ہے اور کوئٹہ نہ جا کر انہوں نے انا پسند اور بے رحم وزیراعظم کی ایک اور مثال قائم کی ہے ۔ وزیراعظم نے ثابت کیا کہ وہ ملک کے وزیراعظم نہیں بلکہ بنی گالہ کے وزیراعظم ہیں، ہزارہ برادری عمران خان سے نہیں بلکہ پاکستا ن کے وزیراعظم ہونے کی حثیت سے یہ مطالبہ کر ر ہی ہے ۔
شیری رحمن نے کہا کہ ایک ملک کے وزیراعظم کے منہ سے بلیک میلنگ کے الفاظ کوئٹہ میں چھٹے روز سے پڑی میتوں کی توہین ہے ۔ ہزارہ برادی کو معلوم ہو نا چایئے کہ ملک میں فاشسٹ حکومت اور وزیراعظم ہے ۔ کیا وزیراعظم کو لگتا ہے کہ ہزارہ برادری کے مطالبات ناجائز غلط اور بلیک میلنگ ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا عوام کے ووٹوں سے آنے والے وزیراعظم مظلوموں کے زخموں پر ایسے نمک نہیں چھڑکتے ہیں ، نااہل، ناجائز اور نالائق سلیکٹڈ اپنے اقتدار میں رہنے کے تمام جواز کھو چکا ہے۔ دھرنوں سے اقتدار میں آنے والا کٹھ پتلی اب دھرنوں کو بلیک میلنگ قرار دے رہے ہیں۔