آئندہ تین ماہ سیاست میں بہت اہم ہوں گے، وزیر داخلہ شیخ رشید نے پیشگوئی کردی

12:47 PM, 8 Jan, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نئی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست میں آئندہ تین ماہ بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ جو اسلام آباد آنا چاہتے ہیں آ جائیں، حکومت کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 19 جنوری کو انتخابات ہیں، اپوزیشن ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لے رہی ہے اور اسی دن الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کرے گی۔

شیخ رشید کا سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بیرون ملک سے ابھی تک پاکستان واپسی نہ ہونے بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے پتا تھا کہ وہ ایساکریں گے، تاہم یہ کابینہ کا فیصلہ ہے، میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

سانحہ مچھ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کسی بھی وقت کوئٹہ جا سکتے ہیں۔ اس واقعے میں افغان شہری شہید ہوئے، ان کو بھی پیسے دینے کو تیار ہوں۔

اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں نوجوان طالبعلم کی ہلاکت بارے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں دارالحکومت میں اسامہ ستی نامی نوجوان کا قتل ہوا، جو بہت افسوسناک ہے، ملزمان پر دہشتگردی دفعات لگائیں۔ آئی جی اسلام آباد کو اسامہ ستی کے حساس معاملے پر ہٹایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ویزے آن لائن کرکے کرپشن ختم کر دی ہے، ایگزٹ کا ویزا بھی آن لائن کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے اور نادرا کو بھی ٹھیک کریں گے۔ ایف آئی اے کے افسران کو بھی تبدیل کریں گے۔

مزیدخبریں