آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ بحرین، اعلیٰ قیادت سے ملاقات

12:34 PM, 8 Jan, 2021

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے برادر ملک بحرین کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کی بحرین کی اعلیٰ حکومتی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحرین کے ولی عہد شہزاد سلمان بن حماد، فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسی الخلیفہ سے بھی اہم ملاقاتیں کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحرینی قیادت سے ملاقاتوں میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بحرینی قیادت نے پاکستان سے خصوصی تعلقات اور مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ سیکیورٹی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بحرین کے ایوارڈ ’’بحرین آرڈر‘‘ سے نوازا۔ آرمی چیف کو بحرین کا یہ ایوارڈ پاک بحرین دفاعی تعاون میں نمایاں خدمات پر دیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک بحرین فوجی مشق البدر کا بھی مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف نے پاک بحرین مشقوں میں تربیت کے معیار کو سراہا اور کہا کہ پاک بحرین مشترکہ فوجی مشقیں دہشتگردی کے خلاف عزم کا ثبوت ہیں۔

مزیدخبریں