لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کی قیادت سے دستبرداری کی خبروں کی تردید کر دی۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق سرفراز احمد مسلسل دوسری ٹیسٹ سیریز ہارنے اور ٹیم کی ناقص کارکردگی سے مایوس ضرور ہیں لیکن قیادت چھوڑنے پر غور نہیں کررہے۔
پی سی بی نے سرفراز احمد کے تیسرا ٹیسٹ نہ کھیلنے کی اطلاعات کو مسترد کر کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد کے استعفے کی افواہیں پھیلا دی گئیں کہ تیسرے ٹیسٹ میں سرفراز کا خلا وکٹ کیپربیٹسمین محمد رضوان پْر کریں گے۔
کیپ ٹاوئن میں موجود ٹیم انتظامیہ کے مطابق ایسی صورتحال میں قیادت تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں بعض حلقے اس حوالے سے خواہشات کو خبر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ دو صفر سے سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے جبکہ تیسرا اور آخری میچ 11جنوری کو جوہانسبرگ میں شروع ہوگا۔