لاہور: وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لیے آبادی کے تناسب سے زائد بجٹ ن لیگ کا اعزاز ہے اس کی ترقی و خوشحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی پر اربوں روپے کے وسائل نچھاور کیے۔ اس کی ترقی کی ذمے داری آئندہ بھی نبھاتے رہیں گے اور جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پروگراموں پر پیشرفت کی خودنگرانی کر رہا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں پینے کے صاف پانی کا منصوبہ اپنی مثال آپ ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملتان میں میٹرو اور اسپیڈو بسیں لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اعتراضات کرنے والوں نے اپنے دور میں عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی۔ اس موقع پر اویس لغاری کا کہنا تھا کہ حکومت نے تاریخی بجٹ دے کر جنوبی پنجاب کا دل جیت لیا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں