سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو اننگز اور 123 رنز سے شکست دیدی

09:38 AM, 8 Jan, 2018

سڈنی : ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایک اننگز اور 123 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز چار صفر سے اپنے نام کر لی ہے ۔سڈنی ٹیسٹ میں میزبان آسٹریلیا نے انگلینڈ کے 346 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 649 رنز بنائے اور انہیں 304 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ۔ 304 رنز کی برتری اتارنے کیلئے  اور جواب میں آسٹریلیا کو ہدف دینے کیلئے انگلینڈ ٹیم میں میدان میں آئی تو  مہمان ٹیم 180 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔انگلش کپتان جوئے روٹ نے 58 رنز بنائے روٹ کے علاوہ کوئی بھی انگلش بلے باز خاص کارکردگی نہ دکھا سکا دیگر انگلش بلے بازوں میں السٹر کک 10، اسٹون مین صفر، جیمز ونس 18، ڈیوڈ ملان 5، جونی برسٹو 38، معین علی 13، اسٹارٹ براڈ 4، میسن کرین اور جیمز اینڈرسن 2،2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ٹام کرین 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ نیتھن لیون نے 3، مچل اسٹارک اور جوش ہیزلی وڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر پیٹ کمنز کو مین آف دی میچ اور اسٹیون اسمتھ کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔

آسٹریلیا نے اپنے  شاندار  کھیل کے باعث انگلش ٹیم کو چاروں شانے چت کیا اور ایشز سیریز اپنے نام کر لی ۔

مزیدخبریں