لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو دی گئی استعفوں کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی۔ دوسری جانب آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے آج پاکستان عوامی تحریک نے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلا لیا۔
پاکستان عوامی تحریک کی اے پی سی، جس میں ملک کی تمام بڑی اپوزیشن جماعتیں بھی شامل تھیں، کی جانب سے شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے استعفوں کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن آج ختم ہو گئی ہے۔ طاہر القادری نے اہم رہنماوں کو مشاورت کیلئے طلب کر لیا ہے وہ اتحادیوں سے مشاورت کے لئے ٹیلی فونک رابطے بھی کر رہے ہیں۔ سٹیئرنگ کمیٹی کے کل ہونے والے اجلاس کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہو گی۔ سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کل 3 بجے منہاج القرآن مرکز میں ہو گا۔
یاد رہے کہ 30 دسمبر کو پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام لاہور میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والے جسٹس باقر نجفی کمیشن نے شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے. لہذا یہ افراد 7 جنوری سے پہلے مستعفی ہو جائیں۔