”ہاں ہم نے 11شہزادوں کو گرفتار کیا ہے کیونکہ۔۔۔“ سعودی عرب موقف سامنے آگیا

”ہاں ہم نے 11شہزادوں کو گرفتار کیا ہے کیونکہ۔۔۔“ سعودی عرب موقف سامنے آگیا

ریاض: سعودی عرب میںدرجنوں شہزادوں اور وزراءکی کرپشن کے الزامات میں گرفتاری کے نتیجے میں اٹھنے والا طوفان ابھی تھما نہیں تھا کہ ایک اور ایسی ہی خبر نے تہلکہ برپا کر دیا۔ نیوز ویب سائٹ عریبین بزنس نے مقامی اخبار ’سبق‘ کے حوالے سے بتایا کہ سرکاری محل کے اندر جمع ہو کر حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے 11 شہزادوں کو گرفتار کرلیاگیا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ شہزادے یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کرنے سے انکاری تھے، جبکہ ایک شہزادے کو موت کی سزا دئیے جانے پر زرتلافی کا مطالبہ بھی کررہے تھے۔ مقامی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق احتجاج کرنے والے شہزادے ایک سرکاری محل میں جمع تھے اور اس شاہی فرمان کی منسوخی کا مطالبہ کر رہے تھے جس میں حکم جاری کیا گیا تھا کہ شہزادوں کے پانی وبجلی کے بلوں کی سرکاری خزانے سے ادائیگی کا سلسلہ بند کر دیا جائے۔


رپورٹ کے مطابق اٹارنی جنرل شیخ سعود المجیب کی جانب سے گزشتہ روز جاری کئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ احتجاج کرنے والے شہزادوں پر ان کے مﺅقف کی غلطی واضح کی گئی لیکن جب انہوں نے اپنی جگہ چھوڑنے سے انکار کر دیا تو انہیں گرفتار کر کے الحائر جیل بھیج دیا گیا۔ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ قانون کے نفاذ کے بارے میں اعلیٰ سطح سے جاری کی گئی ہدایات واضح ہیں کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والے ہر شخص کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، چاہے اس کا مقام و مرتبہ جو بھی ہو۔