سیالکوٹ: تھانہ کینٹ کے علاقے کی رہائشی سوتیلی ماں نے بیٹی پر بہیمانہ تشدد کر کے اسے ذہنی طور پر مفلوج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے تھانہ کینٹ کی حدود میں سوتیلی ماں نے 15 سالہ بیٹی پر بہیمانہ تشدد کرکے اسے ذہنی مفلوج کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے لڑکی کو گھر کے کام نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے بال بھی مونڈھ دیئے، سنگدل ماں بچی کو کمرے میں بند کر کے کئی روز تک ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بناتی رہی اور بچی کی آنکھوں میں مرچیں بھی ڈالتی رہی۔پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والی ثنا کو بازیاب کرا لیا گیا ہے تاہم لڑکی اس وقت کوئی بیان دینے سے قاصر ہے اور ذہنی طور پر مفلوج لگ رہی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق بچی کا والد عبدالسلام بیرون ملک مقیم ہے جس نے ثنا کی والدہ کے انتقال کے بعد دوسری شادی کر لی تھی۔ پولیس کے مطابق سوتیلی ماں کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ بچی کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا جائے گا۔