میٹا کا بڑا فیصلہ: 3,600 ملازمین کی برطرفی کا اعلان

09:43 PM, 8 Feb, 2025

نیویارک: معروف سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے آئندہ ہفتے 3,600 ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق، میٹا نے ایک اندرونی میمو میں اپنے عملے کو آگاہ کیا کہ وہ مشین لرننگ انجینئرز کی بھرتی کے عمل کو تیز کر رہے ہیں، جبکہ کارکردگی کے جائزے کے بعد کئی ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، امریکا سمیت کئی ممالک میں متاثرہ ملازمین کو پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بجے سے نوٹسز بھیجے جائیں گے۔ تاہم، جرمنی، فرانس، اٹلی اور ہالینڈ کے ملازمین مقامی قوانین کے باعث اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے۔ دیگر یورپی، ایشیائی اور افریقی ممالک میں برطرفیوں کا عمل 11 سے 18 فروری کے درمیان مکمل کیا جائے گا۔


میٹا نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ وہ اپنی افرادی قوت میں کمی کرتے ہوئے 5 فیصد کمزور کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو فارغ کرے گا، تاہم کچھ عہدوں پر نئی بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔

میٹا کے ہیڈ آف پیپل، جینیل گیل، نے کہا کہ کمپنی پیر کے روز معمول کے مطابق اپنے دفاتر کھلے رکھے گی اور اس حوالے سے مزید کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا جائے گا۔

ایک اور میمو میں ملازمین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشین لرننگ انجینئرز اور دیگر شعبوں میں نئی بھرتیوں کے عمل میں تعاون کریں، جو 11 فروری سے 13 مارچ تک جاری رہے گا۔


بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، امریکی لیبر مارکیٹ میں دسمبر کے دوران متوقع سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی، جو اقتصادی سست روی کی علامت ہے۔

امریکی بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس (JOLTS) کی رپورٹ کے مطابق، نومبر میں 8.16 ملین ملازمتوں کی نظرثانی شدہ تعداد کے مقابلے میں دسمبر میں یہ تعداد کم ہو کر 7.60 ملین رہ گئی، جو گزشتہ تین ماہ کی کم ترین سطح ہے۔
 

مزیدخبریں